پشاور:یکہ توت کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران مبینہ طور پر تین صوبوں اور اسلام آباد پولیس کو مطلوب خطرناک ڈکیت گینگ کے سربراہ وقار عرف میجر سمیت 4ڈاکو ہلاک ہوگئے، جبکہ گینگ کے 2ارکان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان میں بدنام زمانہ ڈکیت وقار عرف میجر بھی شامل ہے، جو گزشتہ تقریباً 15سال سے منظم جرائم میں سرگرم گینگ کی سربراہی کر رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وقار عرف میجر گینگ کا نیٹ ورک خیبرپختونخوا کے علاوہ پنجاب، سندھ اور اسلام آباد تک پھیلا ہوا تھا اور گینگ کے ارکان متعدد سنگین وارداتوں کے مقدمات میں مبینہ طور پر مطلوب رہے ہیں۔
حکام کے مطابق گینگ کے اہم ارکان اور ساتھیوں میں ساحل، اعجاز، حفیظ، گران ولی اور علی شامل تھے، جبکہ مختلف مقدمات میں گینگ کے ارکان ایک درجن سے زائد مرتبہ نامزد اور گرفتار بھی ہوچکے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان مختلف مقدمات میں عدالتوں سے ضمانت پر رہا بھی ہوتے رہے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ گینگ کے ارکان وارداتوں کے لیے سکیورٹی فورسز سے مشابہ لباس اور آلات استعمال کرتے تھے، ملزمان کے پاس مبینہ طور پر وائرلیس اور دیگر مواصلاتی آلات، وائی فائی جیمرز اور جدید اسلحہ بھی موجود رہتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان خود کو خفیہ اداروں یا سکیورٹی اہلکاروں کے طور پر ظاہر کرکے گھروں میں تلاشی کے بہانے داخل ہوتے اور بعد ازاں نقدی، سونا اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔
پولیس مقابلے کے دوران گینگ کے 4ارکان ہلاک ہوگئے جبکہ 2 ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
پولیس کی جانب سے واقعے اور ہلاک ملزمان کے سابقہ مقدمات سے متعلق مزید تفصیلات بھی جمع کی جارہی ہیں