ملاکنڈ:سوات موٹر وے پر ٹنل نمبر 3 کے قریب فلائنگ کوچ اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 7افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ سوات موٹر وے ٹنل نمبر 3کے قریب پیش آیا، جہاں فلائنگ کوچ اور ڈمپر میں زوردار ٹکر ہوئی، حادثے کے نتیجے میں فلائنگ کوچ میں سوار 4افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7افراد زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور موٹر وے پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹخیلہ منتقل کردیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں بھی ضروری کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹخیلہ منتقل کردی گئی ہیں۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید کارروائی جاری ہے۔