نادرن بائی پاس پر ممتاز عرف ممتازے کولے کر جانے والی پولیس پارٹی پر فائرنگ اور دستی بم حملہ، جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور مارے گئے
زخمی ایس ایچ اوز اور ممتازے ہسپتال منتقل، پولیس کا علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن، سکیورٹی مزید سخت
پشاور: تھانہ شاہ پور کی حدود نادرن بائی پاس کے قریب خطرناک اشتہاری ملزم ممتاز عرف ممتازے کولے کر جانے والی پولیس پارٹی پر مسلح افراد نے فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 2 ایس ایچ اوز شدید زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت پولیس ٹیم ممتاز عرف ممتازے کو تحویل لے کر جانے والی پولیس پارٹی نادرن بائی پاس پہنچی تھی، جہاں موجود مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی اور دستی بم بھی پھینکے۔ حملے میں دونوں ایس ایچ اوز کے علاوہ ممتازے بھی شدید زخمی ہوا۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور ہلاک ہوگئے، جبکہ زخمی ایس ایچ اوز اور ممتاز عرف ممتازے کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ سی سی پی او پشاور کے مطابق نادرن بائی پاس اور ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور مشتبہ افراد کی تلاش کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔