مردان: کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)مردان ریجن نے کاٹلنگ کے پہاڑی علاقے بابوزی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی سے وابستہ دہشت گردوں کا گروہ کاٹلنگ کے پہاڑی سلسلے میں موجود ہے اور پہاڑ سے نیچے آکر دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی مردان ریجن کی سوات ٹیموں نے بابوزی کے پہاڑی علاقے میں کارروائی شروع کی۔
اہلکاروں کے موقع پر پہنچنے پر دہشت گرد پہاڑ کی جانب فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کرنے لگے، جس پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے موثر جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 2دہشت گرد ہلاک پائے گئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 ایس ایم جیز، ایک ہینڈ گرینیڈ، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے مزید نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فرار دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے بھی مزید تفتیش جاری ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور حوصلے کو سراہا۔