مردان(نمائندہ پختونخوا نیوز)کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)مردان ریجن نے کاٹلنگ کے پہاڑی علاقے بابوزی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔سی ٹی ڈی کے مطابق مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی سے وابستہ دہشت گردوں کا ایک گروہ کاٹلنگ کے پہاڑی سلسلے میں موجود ہے اور پہاڑ سے نیچے آکر دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی مردان ریجن کی سوات ٹیموں نے بابوزی کے پہاڑی علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا۔اہلکاروں کے موقع پر پہنچنے پر دہشت گرد پہاڑ کی جانب فرار ہونے لگے اور انہوں نے فائرنگ شروع کردی، جس پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے مثر جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جہاں سے 2 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 ایس ایم جیز، ایک ہینڈ گرینیڈ، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے مزید نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ فرار دہشت گردوں کے ممکنہ سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے بھی تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی، بہادری اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔