پشاور میں گھریلو تنازعے کے دوران مبینہ طور پر ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنے والد، والدہ اور بھائی کو قتل کر دیا، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس اور ابتدائی مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ سربند کی حدود سنگو کلے میں پیش آیا جہاں امجد نامی شخص نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنے والد جانس، والدہ اور بھائی ریاض کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تینوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واقعے کے بعد فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات اور دیگر حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے، جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔